کچھ عناصر سیاسی دکان چمکانے کیلئے اداروں پر تنقید کر رہے ہیں، وزیر خارجہ

Some elements are criticizing the institutions for shining a political shop, Foreign Minister
کیپشن: فائل فوٹو

 اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کچھ عناصر سیاسی دکان چمکانے کیلئے اداروں پر تنقید کر رہے ہیں۔ اداروں پر بلاوجہ تنقید سے دشمن کے بیانیہ کی حمایت کی جا رہی ہے۔

وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلم لیگ ن ،پیپلز پارٹی جمہوریت کا راگ الاپتے،اوپن ووٹنگ کا مطالبہ کرتے رہے۔ ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے۔ آئینی تشریح کیلئے عدالت جانے اور آئین میں ترمیم کے 2 ہی راستے تھے۔ سپریم کورٹ ہماری درخواست پر جو رہنمائی فرمائے گی اس کا احترام کریں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کنفیوژن کا شکار ہے۔ اب یہ دونوں جماعتیں اپنے وعدوں سے منحرف ہیں۔ یہ جماعتیں آج بھی کرپٹ پریکٹسز کو تحفظ دینا چاہتی ہیں۔ پی ڈی ایم کے مفادات ایک طرف اور ان کی سیاست دوسری طرف ہے۔ اپوزیشن کو چارٹر آف ڈیموکریسی کے مطابق موقع فراہم کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے وضاحت کی کہ ہمیں بلا وجہ سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاک فوج اپنی آئینی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ فوج مغربی سرحد پر دہشت گردوں، امن دشمنوں سے برسر پیکار ہے۔ مشرقی سرحد پر فوج کو سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوج حکومت کے ساتھ وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے معاونت میں مصروف ہے لیکن کچھ عناصرسیاسی دکان چمکانے کیلئےاداروں پرتنقید کر رہے ہیں۔ اداروں پر بلاوجہ تنقید سے دشمن کے بیانیہ کی حمایت کی جا رہی ہے۔ پی ڈی ایم کے بعض لوگ بچگانہ بیانات دے رہے ہیں۔