اپوزیشن جتنے مرضی لانگ مارچ کرلے، مڈٹرم الیکشن نہیں ہوں گے: گورنر پنجاب

No matter how long the opposition marches, there will be no midterm elections: Governor Punjab
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن ون، ٹو، تھری، فور یا جتنے مر ضی لانگ مارچ کرلے، مڈٹرم الیکشن نہیں ہوں گے۔

چودھری سرور کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے درجنوں لانگ مارچ سے بھی الیکشن 2023ء میں ہی ہوں گے۔ اپوزیشن سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کا تسلسل اور ہم خاتمہ چاہتے ہیں۔ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے آرڈیننس قومی امنگوں کی ترجمانی ہے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے سے پاکستان میں جمہوریت اور پارلیمنٹ مضبوط ہوگی۔ ماضی میں ہارس ٹریڈنگ کی مخالفت کرنیوالی جماعتیں آج اس کی حامی بن رہی ہیں۔ حکومت جتنے مر ضی اچھے فیصلے کرے، ان کی مخالفت اپوزیشن کی سیاسی مجبوری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر ایشو میں اداروں کو سیاست میں گھسیٹنے کا اپوزیشن کا رویہ ملکی مفاد میں نہیں، ملک ترقی استحکام، آئین وقانون کی حکمرانی کیلئے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔ میں نہ مانوں کی سیاست کر کے پی ڈی ایم اپنے وقت کا ضائع کر رہی ہے۔ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عمران خان کی قیادت میں حکومت پرعزم ہے۔