پی ٹی آئی حکومت نے پیسے سے لوگوں کے ضمیر خریدے، مریم اورنگزیب کا الزام

The PTI government bought people's conscience with money, Maryam Aurangzeb alleged
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: ترجمان مسلم لیگ (ن) نے حکومت پر چڑھائی کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ تحریک انصاف نے کرپشن کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، پیسے سے لوگوں کے ضمیر خریدے، اگر یہ مدینہ کی ریاست ہوتی تو آج عمران خان جیل میں ہوتے۔

مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ تحریک انصاف کے ارکان کی کرپشن کی داستان نے عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ دوسروں پر انگلیاں اٹھانے والے عمران خان خود ڈاکوؤں کے سردار ہیں۔

لیگی ترجمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں رشوت کا بازار گرم ہونے کے باوجود ایک رکن کو وزیر قانون بنایا گیا۔ عدالت میں اوپن بیلٹ کیس کئ سماعت کے ایک روز قبل ویڈیو ریلیز کرنے پر شرم آنی چاہیے۔ مدینہ کی ریاست کے نام پر حکومت چلانے والوں کا حال پوری قوم نے دیکھا۔

دوسری جانب لیگی رہنما احسن اقبال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سب جماعتیں اس نکتہ پر متفق ہیں کہ فوج کا سیاست میں عمل دخل ختم ہونا چاہیے۔ 3 مارشل لا بھی فوج نے ہی ملک میں لگائے۔ ملک میں ایک منصوبہ بندی کے ذریعے تبدیلی لائی گئی۔

احسن اقبال نے کہا کہ ماضی کے رویوں سے ہٹ کر ریاست کو حقیقی معنوں میں جمہوری ریاست بنایا جائے۔ پاک فوج ملکی سرحدوں کی نگہبانی کریں، جج صاحبان ملک کی عدالتوں کا نظام سنبھالیں، بیورو کریسی اپنے دفاتر میں بیٹھ کر ملک کیلئے کام کریں جبکہ سیاستدان صرف عوام اور ملک کے مستقبل کیلئے بہتر سیاست کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی دوسرے کے کام میں ٹانگ نہ اڑائے تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ جب تک ہم اور ادارے ایک دوسرے کے کام میں ٹانگ اڑائیں گے حالات ٹھیک نہیں ہوں گے۔