خاتون کے سر میں کیل ٹھوکنے کا معاملہ، تحقیقات میں اہم پیشرفت

خاتون کے سر میں کیل ٹھوکنے کا معاملہ، تحقیقات میں اہم پیشرفت

پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالخلافہ  میں جعلی پیر  کے مبینہ طور پر اولاد نرینہ کی خواہشمند خاتون کے سر میں کیل ٹھوکنے کے معاملے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

سی سی پی او پشاور عباس احسن نے تحقیقات میں پیشرفت کے حوالے سے بتایا ہے کہ پولیس متاثرہ خاتون کے خاندان تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ متاثرہ خاتون کے شوہر سے بھی رابطہ ہوا ہے جو شہر سے باہر ہے تاہم پشاور بلا لیا ہے۔

سی سی پی او پشاور کے مطابق اسپتال ریکارڈ میں متاثرہ خاتون کا نام باز گل درج ہے جبکہ وہ اسپتال میں درج ایڈریس پر موجود نہیں ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون کے دو بیٹے اور  ایک بیٹی ہے  جن کی عمریں بالترتیب 9 ، 3 اور 2 سال ہیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل پشاور سے خبر سامنے آئی تھی کہ مبینہ طور پر  بیٹے کی خواہش رکھنے والی خاتون کے سر میں جعلی پیر نے کیل ٹھونک دی اور دعوی کیا کہ ایسا کرنے سے اس کے ہاں بیٹا پیدا ہو گا ۔

بعد ازاں اسپتال انتظامیہ نے مریضہ کے سر سے کیل نکال دی  جس کے بعد وہ گھر چلی گئی۔ خاتون کی تصاویر  سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے جعلی پیر کیخلاف کاروائی شروع کی تھی۔

مصنف کے بارے میں