اپنی باؤلنگ کی تمام کمزوریاں دور کر کے واپس آؤں گا: محمد حسنین

اپنی باؤلنگ کی تمام کمزوریاں دور کر کے واپس آؤں گا: محمد حسنین
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے پابندی کے بعد پہلا بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انشاءاللہ اپنی تمام تر کمزوریاں دور کر کے واپس آؤں گا۔ 
تفصیلات کے مطابق محمد حسنین نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ادھورا چھوڑ کر جانا بہت مشکل ہے مگر میری باؤلنگ میں جو بھی خامیاں ہیں انہیں دور کر کے جلد دوبارہ میدان میں واپس آؤں گا۔ 
محمد حسنین کا مزید کہنا تھا کہ بگ بیش لیگ (بی بی ایل) سے قبل میں بہت زیادہ کرکٹ کھیل چکا تھا لیکن کبھی نہیں سوچا تھا کہ میرا باؤلنگ ایکشن بھی غیرقانونی قرار دیا جاسکتا ہے تاہم میں بھرپور محنت کے ساتھ تمام خامیوں پر قابو پا کر واپس آؤں گا۔ 
واضح رہے کہ جنوری میں آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے دوران محمد حسنین کا باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد انہوں نے لاہور میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے منظور شدہ لیبارٹری میں ٹیسٹ دیا تھا۔ 
محمد حسنین کے ٹیسٹ کی رپورٹ میں ان کا باؤلنگ ایکشن مشکوک قرار دیا گیا جس کے بعد انہیں باؤلنگ سے روک دیا گیا ہے اور اب وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی) میں اپنے باؤلنگ ایکشن پر کام کریں گے۔ 

مصنف کے بارے میں