جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے اہم پیش رفت سامنے آگئی 

Shah Mehmood Qureshi, SMQ, South Punjab,

ملتان :پاکستان تحریک انصاف کے سینئررہنما ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے قانون سازی میں تعاون کیلئے شہباز شریف اور بلاول بھٹو کو خط لکھ دئیے ،دونوں رہنمائوں کے پارلیمنٹ میں موجود چیمبرز کو خط موصول ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دونوں رہنمائوں کو خطوط بحثیت وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف تحریر کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ دونوں پارٹیاں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام سے متعلق درکار قانون سازی میں تعاون کریں ، خط میں کہا گیا ہے کہ یو این ڈی پی کی جنوبی پنجاب کے پائیدار ترقی کے علاقائی اہداف کے اشاریوں کا مرکز اور شمال سے موازنہ‘ رپورٹ کے اجرا کے بعد ایک بار پھر خط ارسال کر رہا ہوں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبےکا سب سے پسماندہ ترین خطہ ہے، جنوبی پنجاب کے باشندوں میں احساس محرومی بے سبب نہیں ہے، پنجاب کے جنوبی خطے کی 55 فیصد دیہی آبادی 50 فیصد سےکم فی کس آمدن پر زندگی گزار رہی ہے، جنوب میں 31 فیصد آبادی قومی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کررہی ہے، جنوبی پنجاب کے ایک تہائی سے زائد بچے غذائیت کی کمی کا شکار ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ رپورٹ سیاسی جماعتوں کی جانب سے فوری اقدام کی ضرورت کا اعادہ کرتی ہے، ہمیں جنوبی پنجاب کے الگ صوبے کے قیام کے لئے فی الفور عمل کرنا ہوگا۔