سعودی عرب کے ہوائی اڈے پر حملہ، پاکستان کا ردعمل سامنے آ گیا

سعودی عرب کے ہوائی اڈے پر حملہ، پاکستان کا ردعمل سامنے آ گیا

اسلام آباد:حوثیوں کی طرف سے پے در پے حملوں کے بعد پاکستان کا موقف بھی سامنے آگیا ،پاکستان نے حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حملے نہ صرف عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ خطے اور سعودی عرب کی سلامتی کیلئے بھی خطرہ ہیں ۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد  نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے بین الاقوامی  ہوائی اڈے پر ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا  کہ  پاکستان ایسے حملوں کی فوری بندش کا مطالبہ کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سالمیت اور علاقائی سالمیت کے خطرے میں سعودی عرب کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور حمایت کرتا ہے۔

واضح رہے سعودی عرب کے انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر حوثیوں کی طرف سے ڈرون حملہ کیا گیا تھا جسے ناکام بنا دیا گیا ، عرب میڈیا کے مطابق بارودی مواد سے لدا ڈرون طیارہ ابہا ایئرپورٹ کی جانب بڑھ رہا تھا۔ 

سعودی میڈیا نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی دفاعی نظام نے ڈرون طیارے کو فضا میں ہی تباہ کر ڈالا،سعودی میڈیا نے مزید بتایا کہ ڈرون طیارے کا تباہ شدہ ملبہ گرنے سے 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث ابہا ایئرپورٹ پر پروازیں کچھ دیر معطل ہونے کے بعد بحال ہوئیں۔