لاہور ہائیکورٹ کا الیکشن کمیشن کو پنجاب میں انتخابات کی تاریخ دینے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ کا الیکشن کمیشن کو پنجاب میں انتخابات کی تاریخ دینے کا حکم

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی کیلئے انتخابات کی تاریخ نہ دینے کے خلاف درخواستوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا ہے جس کے مطابق الیکشن کمیشن کو پنجاب میں انتخابات کا اعلان کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ 
جسٹس جواد حسن نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ عدالت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست منظور کرتی ہے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان آئین میں دی گئی مدت کے اندر پنجاب میں انتخابات کا اعلان کرے۔ 
لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور شہری منیر احمد کی درخواستوں پر سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ انتخابات کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا کام نہیں اور فنڈز مہیا ہونے تک انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔ 
اس موقع پر گورنر پنجاب کے وکیل ایڈووکیٹ شہزاد شوکت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے دلائل پیش کئے کہ گورنر نے پنجاب اسمبلی کو تحلیل نہیں کیا لہٰذا نئے انتخابات کی تاریخ دینا ان کی ذمہ داری نہیں ہے۔ 
لاہور ہائیکورٹ نے تمام فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو اب سنا دیا گیا ہے اور مختصر فیصلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آئین میں دی گئی مدت کے اندر پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا اعلان کرنے کا حکم دیا ہے۔ 

مصنف کے بارے میں