پاکستان میں عالمی وبا کی دوسری لہر جاری، مزید 46 مریض جاں بحق، 2278 کی حالت تشویشناک

Second wave of global epidemic continues in Pakistan, 46 more patients die, condition of 2278 is critical
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: ملک بھر میں عالمی وبا کی دوسری لہر جاری ہے۔ تازہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 46 افراد اس وبائی مرض میں مبتلا ہو کر انتقال کر چکے ہیں جبکہ کیسز مثبت آنے کی شرح 6.5 فیصد رہی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ڈیٹا کے مطابق پاکستان بھر میں عالمی وبا کے کیسز کی تعداد 5 لاکھ 2 ہزار 416 ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز 44 ہزار 410 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔ صرف ایک روز میں مزید 2 ہزار 899 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ایکٹیو کیسز کی تعداد 34 ہزار 803 ہوگئی ہے۔ گلگت بلتستان میں کیسز کی تعداد 4 ہزار 879، بلوچستان میں 18 ہزار 373، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 478، سندھ میں 2 لاکھ 25 ہزار 509، پنجاب میں 1 لاکھ 44 ہزار 909، خیبر پختونخوا میں 61 ہزار 148 اور اسلام آباد میں 39 ہزار 120 ہو گئی ہے۔

ایکٹو کیسز کی بات کی جائے تو اس وقت آزاد کشمیر میں 294، بلوچستان میں 286، گلگت بلتستان میں 49، اسلام آباد میں 1976، خیبر پختونخوا میں 3181، صوبہ پنجاب میں 10529 اور سندھ میں 18488 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ عالمی وبا سے سندھ میں 3693، پنجاب میں 4260، خیبر پختونخوا میں 1728، اسلام آباد میں 439، گلگت بلتستان میں 101، بلوچستان میں 188 اور آزاد کشمیر میں 235 مریضوں کی اموات ہو چکی ہیں۔

این سی او سی کی جانب سے عوام کو تاکید کی جا رہی ہے کہ وہ اس مہلک عالمی وبا سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنا کر اپنی اور دوسروں کی زندگی کو محفوظ بنائیں، اس سلسلے میں ماسک کا استعمال لازمی ہے جبکہ سماجی دوری اختیار کرکے بھی اس مرض سے بچا جا سکتا ہے۔ پاکستان میں پہلی لہر کے دوران بند کئے گئے تمام کاروبا کھل چکے ہیں تاہم حکومت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اگر وبائی صورتحال بگڑی تو سخت پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔