مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ اور ضمنی الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا

PML-N has announced to contest Senate and by-elections
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: اپوزیشن کی اہم جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) اسمبلیوں سے استعفے کا فیصلہ موخر کرتے ہوئے ضمنی اور سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ 

نجی میڈیا رپورٹس کے مطابق (ن) لیگ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سینیٹ اور ضمنی انتخابات میں پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں کیساتھ مل کر حصہ لیا جا سکتا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں مریم نواز شریف کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ضمنی انتخابات کیلئے اپنے امیدوار کو اتارنے کا اعلان کرتے حتمی فیصلہ کیا گیا کہ اس سلسلے میں کس کو میدان میں اتارا جائے گا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ ہفتے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اس بات کا فیصلہ 31 جنوری کے اجلاس کے بعد ہوگا کہ آیا پی ڈی ایم کی جماعتیں اسمبلیوں سے استعفیٰ دیں گی یا سینیٹ الیکشن میں حصہ لیا جائے گا۔ ن لیگ کی جانب سے کئے گئے حالیہ فیصلے نے ان کے بیان کی ہی نفی کر دی ہے۔ یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ پاکستا ڈیموکریٹک میں شامل جماعتیں خصوصا ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی نے وزیراعظم عمران خان کو الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ 31 جنوری تک مستعفی ہو جائیں۔

اس فیصلے کے حوالے سے ن لیگ کے سینئر رہنما خرم دستگیر نے تصدیق کی ہے کہ ان کی جماعت نے اس بات کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے کہ استعفوں کا فیصلہ فی الحال موخر کرتے ہوئے سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں ضمنی انتخابات میں ن لیگ نے اپنا امیدوار اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انتخابی میدان میں کون اترے گا، اس کا اعلان بھی جلد کر دیا جائے گا۔