سندھ کی اہم شخصیت کے حکم پر شاہ رخ جتوئی جیل سے ہسپتال منتقل

سندھ کی اہم شخصیت کے حکم پر شاہ رخ جتوئی جیل سے ہسپتال منتقل
سورس: file

کراچی: ریٹائرڈ ڈی ایس پی کے اکلوتے بیٹے شاہ زیب خان قتل کے مرکزی مجرم شاہ رخ جتوئی کے متعلق اہم انکشاف ہوا ہے۔  شاہ رخ جتوئی گزشتہ کئی مہینے سے جیل کے بجائے کراچی کے غیر معروف نجی ہسپتال میں رہ رہا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق شاہ رخ جتوئی سینٹرل جیل کراچی کے بجائے گزری میں قمرالاسلام ہسپتال کی بالائی منزل پر شاہانہ زندگی گزار رہا ہے۔ قمرالاسلام اسپتال شاہ رخ جتوئی کے خاندان نے کرائے پر حاصل کر رکھا ہے ۔

ذرائع کے مطابق  شاہ رخ جتوئی کو جیل سے پرائیویٹ ہسپتال میں محکمہ داخلہ سندھ کے حکم پر منتقل کیا گیا۔ شاہ رخ جتوئی کو جیل سے پرائیوٹ ہسپتال منتقل کرنے کے پیچھے سندھ کی اعلیٰ شخصیت کا ہاتھ ہے ۔ شاہ رخ جتوئی سزا یافتہ مجرم اور قیدی کے بجائے عام انسانوں والی زندگی گزار رہا ہے۔

شاہ رخ جتوئی کو ماتحت عدالت نے سزائے موت دی تھی جبکہ ہائی کورٹ نے سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا تھا۔

جیل میں سزایافتہ مجرم کو غیر معمولی سہولیات دینے پر سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے لانڈھی جیل کا اچانک دورہ بھی کیا تھا۔ سابق چیف جسٹس نے سزایافتہ مجرم کے پاس موبائل فون ، کمرے میں فریج اور ٹی وی سمیت دیگر سہولتیں موجود ہونے پر جیل انتظامیہ کی سرزنش بھی کی تھی۔

شاہ رخ جتوئی نے شاہ زیب خان کو دسمبر 2012 میں فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔