امریکہ نے دو ائیر لائنز کے مسافروں پر لیپ ٹاپ لے جانے کی پابندی اٹھالی

امریکہ نے دو ائیر لائنز کے مسافروں پر لیپ ٹاپ لے جانے کی پابندی اٹھالی

واشنگٹن:امریکہ نے کویت ایئر ویز اور اردن کی رائل ایئر لائن کے مسافروں کے لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹ لے جانے پر عائد پابندی اٹھالی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کویتی ایئرویز اور رائل ایئر لائن اردن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے امریکی حکام کے ساتھ مل کر امریکہ جانے والی فلائٹس کا سیکیورٹی چیک بڑھا دیا ہے۔ رائل ایئر لائن اردن کی پروازیں دار الحکومت عمان سے امریکہ کے تین شہروں کو روانہ ہوتی ہیں اور یہ پابندی اٹھائے جانے کے بعد دار الحکومت کے ایئر پورٹ سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔ دوسری جانب کویت کی سرکاری ایئر لائن کویت ایئر ویز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکام نے سیکیورٹی کا جائزہ لینے کے بعد یہ پابندی اٹھائی ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ نے رواں سال مارچ میں 8 مسلمان ملکوں سے آنے والی فلائٹس کے مسافروں کے لیپ ٹاپ ساتھ لے جانے پر یہ کہہ کر پابندی عائد کردی تھی کہ ان میں بم ہو سکتے ہیں۔ امریکی حکام کی جانب سے سیکیورٹی امور کا جائزہ لینے کے بعد اتحاد ایئر ویز، ترکش ایئر لائنز ، ایمریٹس اور قطر ایئر ویزسے گزشتہ ہفتے یہ پابندی اٹھا لی گئی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔