موصل : داعش کی بچہ اٹھائے خودکش بمبار عورت کا حملہ

موصل : داعش کی بچہ اٹھائے خودکش بمبار عورت کا حملہ

موصل: عراق کے شمالی شہر موصل کے نزدیک داعش کی ایک بمبار عورت نے اپنے کم سن بچے سمیت خودکش بم دھماکا کیا ہے اور اپنے ساتھ اس معصوم کی بھی جان لے لی ہے۔

داعش کی یہ عورت بھی موصل کے مغربی حصے سے گھربار چھوڑ کر باہر آنے والی عراقی خواتین میں شامل تھی۔اس عورت نے ایک ہاتھ میں اپنا تھیلا اٹھا رکھا تھا اور دوسرے ہاتھ میں اپنا بچہ اٹھا رکھا تھا ۔اس نے اسی حالت میں اپنی خودکش جیکٹ کو دھماکے سے پھاڑ دیا تھا۔

برطانوی اخبار دا ٹیلی گراف میں شائع شدہ ایک رپورٹ کے مطابق ایک عراقی ٹیلی ویژن اسٹیشن نے اس عورت کی تصاویر نشر کی ہیں۔اس نے موصل کے نواح میں عراقی فوجیوں پر حملے کی کوشش کی تھی۔

الموصلیہ ٹی وی کے ایک کیمرا مین نے ٹیلی گراف کو بتایا ہے کہ داعش کی اس بمبار عورت نے بعض فوجیوں کے نزدیک دھماکا کرنے کی کوشش کی تھی لیکن وہ جب ان سے کچھ دور چلی گئی تو پھر وہ اپنی خودکش جیکٹ کو دھماکے سے اڑا سکی تھی۔

یہ یقین کیا جاتا ہے کہ بم دھماکے میں یہ عورت اور اس کا بچہ دونوں ہلاک ہوگئے تھے اور دو فوجیوں سمیت متعدد شہری زخمی ہوگئے تھے۔اس ٹی وی اسٹیشن کا کہنا ہے کہ اس کو پہلے یہ پتا نہیں چلا تھا کہ اس حملہ آور عورت کی کیمرے میں فلم بن رہی ہے ۔بعد میں فوٹیج کے تجزیے سے یہ انکشاف ہوا تھا کہ وہ داعش کی خودکش بمبار تھی اور اسی نے دھماکا کیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔