زمبابوے نے آخری ون ڈے میچ میں سری لنکا کو شکست دیکر سیریز اپنے نام کر لی

زمبابوے نے آخری ون ڈے میچ میں سری لنکا کو شکست دیکر سیریز اپنے نام کر لی

ہمبنٹوٹا :  زمبابوے نے سکندر رضا کی شاندار آل راؤنڈ ر کارکردگی کی بدولت  پانچویں اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 3-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔ 

پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ سری لنکن ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 203 رنز بنا سکی۔ اسیلا گونارتنے ناقابل شکست 59 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں نیروشن ڈیکویلا نے 3، دنوشکا گوناتھیلاکا نے 52، کوشل مینڈس نے 1، اوپل تھرنگا نے 6، اینجلو میتھیوز نے 24، وانیندو ہاسارنگا نے 0، نووان کلاسیکرا نے 5، اکیلا دانانجیا نے 7 اور دشمانتھا چمیرا نے 18 رنز بنائے۔ زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا نے عمدہ باﺅلنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 21 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور گریم کریم نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ ٹینڈائی چتارا، سین ولیمز اور میکلم والر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

زمبابوین ٹیم نے مقررہ ہدف صرف 38.1 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کر لیا۔ ہیملٹن مساکادزا نے سب نے زیادہ 73 رنز بنائے جبکہ سولومون مائر نے 43، تاریسائی مساکاندا نے 37، کریگ ایروین نے 2، سین ولیمز نے 2، گریم کریمر نے 11 اور سکندر رضا نے ناقابل شکست 27 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ میلکم والر اور پیٹر مور 1,1 سکور بنا سکے۔
سری لنکا کی جانب سے اکیلا دنانجیا نے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ لاستھ ملنگا نے 2 اور اسیلا گونارتنے نے ایک وکٹ حاصل کی۔مساکادزا کو سیریز اور سکندر رضا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

زمبابوے اور سری لنکا کے درمیان واحد  ٹیسٹ میچ 14 جولائی کو کھیلا جائے گا ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں