بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی ظلم وتشددکی انتہا کردی ہے: میاں مقصود

بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی ظلم وتشددکی انتہا کردی ہے: میاں مقصود

لاہور:  امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے حالیہ ریاستی مظالم پر شدیدتشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وتشدد کی انتہاکردی ہے اور وہ لائن آف کنٹرول پر بھی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے۔سات ماہ کے دوران ہندوستان کی جانب سے کنٹرول لائن کی 37بار خلاف ورزی کی گئی جس میں14پاکستانی شہری شہید اور60زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی سفاکی اور بربریت کانوٹس لے۔بھارت دہشت گرد ریاست ہے جس نے70برسوں سے اپنی آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے مقبوضہ کشمیر  پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کابازار گرم ہے۔لوگوں کو حق خودارادیت مانگنے پر بدترین تشددکانشانہ بنایاجارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت مسلسل ’’را‘‘اور دیگر اداروں کے ذریعے دہشت گردوں کو سپورٹ اور دہشت گردی کو پروان چڑھارہا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان اور عسکری قیادت بھارت کے گھناؤنے چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لیے فوری طور پر اقدامات کرے۔اب وقت آگیا ہے کہ بھارت کو اس کی زبان میں ہی جواب دیا جائے۔

علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ حکمران پانامالیکس میں بری طرح پھنس چکے ہیں۔کرپٹ عناصر کاقلع قمع اور کرپشن کا خاتمہ کیے بغیر ملکی معیشت میں بہتری نہیں آسکتی۔حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت عوام کسمپرسی کی زندگی گزارنے پرمجبور ہیں۔بڑے چورلٹیرے، رشوت خور اور بدعنوان افراد اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں۔حکمرانوں کی لوٹ مار اپنی تمام اخلاقی حدود پار کرچکی ہے۔

مصنف کے بارے میں