منی لانڈرنگ کیس، ایف آئی اے نے آصف زرداری اور فریال تالپور طلب کر لیا

منی لانڈرنگ کیس، ایف آئی اے نے آصف زرداری اور فریال تالپور طلب کر لیا
کیپشن: ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو 11 جولائی کو طلب کر لیا۔

ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے جس سلسلے میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی کو گزشتہ دنوں گرفتار کیا گیا جب کہ سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام بھی سپریم کورٹ کی ہدایت پر ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا جا چکا ہے جس کے بعد دونوں کے بیرون ملک جانے پر پابندی ہے۔

 

مزید پڑھیں: شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز، سپریم کورٹ نے مزید 6 ہفتے کا وقت دیدیا

ایف آئی اے نے تحقیقات کے لیے7 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جب کہ سپریم کورٹ نے اسی کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو 12 جولائی کو طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے بلانے سے پہلے ایف آئی اے سندھ نے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں: بنی گالا اور سیکٹر الیون میں تعمیرات غیرقانونی،اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے انسپکٹر محمد علی ابڑو کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور دونوں شخصیات کو پوچھ گچھ کے لیے ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل میں 11 جولائی کو طلب کیا گیا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں