وائٹ ہاؤس نے وزیراعظم پاکستان کے دورہ کی ابھی تک تصدیق نہیں کی، امریکی محکمہ خارجہ

وائٹ ہاؤس نے وزیراعظم پاکستان کے دورہ کی ابھی تک تصدیق نہیں کی، امریکی محکمہ خارجہ
وزیراعظم پاکستان کے دورہ امریکا کے حوالے سے میں نے بھی پڑھا ہے، مورگن آرٹگھس۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن آرٹگھس کا کہنا ہے کہ فی الحال وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکا سے متعلق کوئی تصدیق نہیں ہے۔وائٹ ہاؤس میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن آرٹگھس نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وائٹ ہاؤس نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے دورہ کی ابھی تک تصدیق نہیں کی ہے۔


انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ امریکا کے حوالے سے میں نے بھی پڑھا ہے لہذا اس کی تصدیق اور ان کی ملاقات کی تفصیلات کے لیے وائٹ ہاؤس سے رابطہ کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے گزشتہ دنوں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا تھا کہ کہ وزیر اعظم عمران خان اس ماہ صدر ٹرمپ کی دعوت پر امریکہ کا دورہ کریں گے۔

ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق وزیراعظم عمران خان 20 جولائی کو شاہ محمود قریشی اور دیگر رہنما  کے ہمراہ پانچ روزہ دورے پر امریکا روانہ ہوں گے تاہم دورہ سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔