ایک انڈے کو نکالنے سے کچھ نہیں ہوگا پورا ٹوکرا خراب ہے، فضل الرحمان

 ایک انڈے کو نکالنے سے کچھ نہیں ہوگا پورا ٹوکرا خراب ہے، فضل الرحمان

کراچی :جمعیت علمائے اسلام کے تحت کراچی میں آل پارٹی کانفرنس (اے پی سی) ہوئی جس میں اٹھارویں ترمیم کے خلاف کسی بھی اقدام پر مل کر جدوجہد کرنے پر اتفاق کیاگیا۔

نیشنل فنانشل کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ پر بھی کوئی کٹوتی قبول نہ کرنے کا اعلان کیا گیا جبکہ اداروں کی نجکاری کو بھی مسترد کردیا گیا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کے 5 سال پورے کرنے کی بات قوم کو بد دعا دینے کے مترادف ہے، ایک انڈے کو نکالنے سے کچھ نہیں ہوگا پورا ٹوکرا خراب ہے۔

کراچی میں کل جماعتی کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمن نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پر زور دیا اور کہا کہ آج ہم کووڈ 19 میں نہیں بلکہ کووڈ 18 میں ہیں۔وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مولانا نے کہا کہ ملکی تریخ میں پہلی بار وفاقی بجٹ کا حجم پچھلے سال کی نسبت کم ہے، سمجھ نہیں آرہا کہ ملک کو مزید کتنا تباہ کیا جائے گا۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آج وفاق اور ادارے ایک پیچ پر نہیں، ووٹ قوم کی امانت ہے، شفاف الیکشن ہونے چاہئیں، بکس چوری نہ کیے جائیں۔

راشد سومرو نے مشترکہ اعلامیہ پڑھتے ہوئے کہا کہ اٹھارھویں کے خلاف سازش کی گئی تو تمام جماعتیں مل کر احتجاج کریں گی، این ایف سی ایوارڈ میں کمی قبول نہیں، مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس تواتر سے منعقد کئے جائیں۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ معیشت پر بوجھ بننے والے قرضے نہ لیے جائیں، سیاسی کارکنوں کے اغوا ، قتل اور میڈیا پر قدغن کی شدید مذمت بھی کی گئی۔