تماشائیوں کی عدم موجودگی میں کھلاڑیوں کو خود ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرنی ہے، مشتاق احمد

تماشائیوں کی عدم موجودگی میں کھلاڑیوں کو خود ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرنی ہے، مشتاق احمد

وورسٹر :کوویڈ 19 کے باعث سٹیڈیم میں تماشائیوں کی عدم موجودگی پر قومی کرکٹ ٹیم کے سپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ انگلینڈ میں موجود پاکستانی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کوخود ہی ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرنی ہے۔

مجموعی طور پر کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کےسپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد نے کہاکہ یہ ٹور غیرمعمولی حالات میں ہورہا ہے، یہاں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے تماشائی موجود ہیں اور نہ ہی تجزیہ کرنے کے لیے میڈیا نمائندگان لہٰذا ان کھلاڑیوں کو اپنے گروپ سے ہی متاثر ہونا ہے اور ایک دوسرے کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی ہے۔

سپن باؤلنگ کوچ نے کہا کہ دورہ انگلینڈ میں ٹیم مینجمنٹ کی ذمہ داریوں کا خلاصہ کیا جائے تو ہمیں کھلاڑیوں کی ذہنی مضبوطی پر خاص توجہ دینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین ماہ بعد گراؤنڈ کا رخ کرنے والے ان کھلاڑیوں کا جوش اور جذبہ دیدنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکواڈ میں شامل تمام لڑکے بہت پرجوش ہیں اور وہ بھرپور لگن سے نیٹ پریکٹس کرنے میں مصروف ہیں۔

مشتاق احمد نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کوویڈ 19 کے پروٹوکول سے مکمل آگاہ کررہے ہیں، جیساکہ گراؤنڈز مین سےفاصلہ رکھنا اورگیند کو تھوک سے نہ چمکانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سپنرز عموماََ گیند کو تھوک سے ہی چمکاتے تھے تاہم ان حالات میں متبادل آپشنز کو ان کی یاداشت کا مکمل حصہ بنانے کے لیے کوشش کی جارہی ہے۔

مشتاق احمد نے کہا کہ سب سے خوش آئند عمل یہ ہے کہ قومی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف ایک دوسرے کی مکمل حوصلہ افزائی کررہے ہیں، یقین ہے کہ درجہ بدرجہ کھلاڑیوں کی کھیل میں واپسی مفید ثابت ہوگی۔
٭٭٭٭٭