لاہور: پنجاب حکومت نے بھی اولمپین نوید عالم کے علاج کے تمام اخراجات برداشت کا اعلان کر دیا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ان کے علاج کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان سردار بزدار نے کہا ہے کہ اولمپین نوید عالم کے علاج کے تمام اخراجات پنجاب حکومت خود ادا کرے گی اور ان کے علاج کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، نوید عالم قومی ہیرو ہیں جن کی بیماری کے بارے میں سن کر بہت افسوس ہوا۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت سے قبل سندھ حکومت سابق اولمپین نوید عالم کے علاج کی ذمہ داری لے چکی ہے۔ سندھ حکومت کے ٹیکنیکل آفیسر فیض منگی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر شوکت خانم ہسپتال کو خط لکھ دیا ہے اور ان کے علاج کے تمام اخراجات حکومت سندھ برداشت کرے گی۔
یاد رہے کہ اولمپکس اور دیگر انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اولمپین نوید عالم کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں جس کے بعد ان کی فیملی نے علاج کی اپیل کی تھی۔ نوید عالم 1994ءکے ورلڈ کپ کی فاتح پاکستان ٹیم کے رکن بھی رہے ہیں جبکہ اولمپکس، چیمپئنز ٹرافی اور ایشین گیمز سمیت بے شمار ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
دوسری جانب حکومت سندھ کا خط کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کو موصول ہوگیا ہے جنہوں نے ان کی فیملی سے رابطہ کرکے انہیں لاہور کے شوکت خانم ہسپتال میں نوید عالم کو داخل کرنے کی ہدایت کردی ہے جہاں حکومت سندھ کے خرچ پر ان کا علاج کیا جائے گا۔