ایک سال میں اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں 15.37 فیصد کا خوفناک اضافہ ہوا: شہباز شریف

Commodity prices, inflation, PTI government, Imran Khan, Shehbaz Sharif

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک سال میں اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں 15.37 فیصد کا خوفناک اضافہ ہوا ۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ غریبوں اور عوام کے استعمال کی اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت اور افسوسناک ہے ۔ مالی سال کے اختتام پر ایک سال میں ہونے والی مہنگائی غریب کیلئے قیامت صغریٰ سے کم نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عام استعمال کی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں جون 2020 کے مقابلے میں جون 2021 میں 15.37 فیصد کا خوفناک اضافہ ہوا ۔ در حقیقت یہ موجودہ حکومت کی بد انتظامی اور بے حسی کے خلاف فردِ جرم ہے ۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ بدترین امر یہ ہے کہ قیمتوں کے احساس اشاریے میں 20 فیصد غریب ترین پاکستانیوں کے لئے مہنگائی میں 17.58 فیصد کا ظالمانہ اضافہ ہوا ۔ جس کا مطلب ہے کہ جو شخص جتنا غریب ہے ، وہ اتنا ہی زیادہ مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے ۔

صدر ن لیگ نے کہا کہ بلاشبہ موجودہ حکومت کے اقدامات غریبوں کی غربت بڑھانے اور ملکی ترقی کی اُلٹی گنتی کا باعث ہیں ۔ موجودہ حکومت پراپرٹی اور سٹاک مارکیٹ کے طاقتور اور امیر طبقات کے لئے خوشی خوشی ٹیکس ایمنسٹی سکیم لاتی ہے ۔ لیکن معاشرے کے غریب ترین طبقات پر مہنگائی کے ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے ۔ عام استعمال کی اشیاء ضروریہ عوام کی پہنچ سے باہر ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کسی حکومت کی اس سے بڑی معاشی ناکامی اور کیا ہوسکتی ہے کہ وہ مہنگائی قابو نہ کرسکے ۔ مہنگائی اور افراط زر میں اضافے کے ساتھ بے روزگاری کا سمندر ہے ، آمدن اور روزگار میں کمی ہوچکی ہے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے ان سنگین مسائل کے حل کے بجائے اس پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں ۔ موجودہ حکومت نے غریبوں کو رعایت دینے کے بجائے لگژری گاڑیوں کی امپورٹ پر رعایت دی ۔ موجودہ حکومت نے آٹے ، چینی ، گھی اور خوردنی تیل پر سبسڈی اور رعایت دینے کو ترجیح نہیں بنایا ، حکومت کی توجہ یہ تھی کہ امپورٹڈ گاڑیاں سستی ہوجائیں ۔