بلاول 3 بار امریکہ جائیں، عمران خان 5 سال پورے کریں گے: شیخ رشید

بلاول 3 بار امریکہ جائیں، عمران خان 5 سال پورے کریں گے: شیخ رشید
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ایک بار نہیں، 3 بار امریکہ جائیں، وزیراعظم عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن کے خواہشمند ہیں، افغانستان کے لوگ جو فیصلہ کریں گے وہ ہمیں قبول ہو گا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اپنی سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خود امن کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، طورخم بارڈر صرف ویکسی نیشن والے لوگوں کیلئے کھلا ہے۔ 
شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ختم ہو چکی ہے، آزاد کشمیر الیکشن کے بعد اپوزیشن اور حکومت کے تعلقات ٹھیک ہوں گے، آزاد کشمیر میں حکومت ان شاءاللہ عمران خان ہی بنائیں گے اور میں خود ان کیساتھ کشیر میں مہم پر جاؤں گا۔ 
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نالہ لئی منصوبہ 3 سال میں مکمل ہو رہا ہے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور حکومت میں غریب لوگوں کی تقدیر بدلی جا رہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بات ہو گئی، وقار النساءکالج کو اسی ماہ یونیورسٹی بنا دیں گے۔
شیخ رشید کا یہ بھی کہنا ہے کہ 5 اگست کا قانون واپس لئے جانے تک بھارت سے کوئی بات نہیں ہو گی، وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کا کیس اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر میں اٹھایا ہے اور وہ اس معاملے پر کشمیریوں کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔