حکومت نے غریبوں کو رعایت دینے کے بجائے لگژری گاڑیوں کی امپورٹ پر رعایت دی: شہباز شریف

حکومت نے غریبوں کو رعایت دینے کے بجائے لگژری گاڑیوں کی امپورٹ پر رعایت دی: شہباز شریف
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے غریبوں کو رعایت دینے کے بجائے لگژری گاڑیوں کی امپورٹ پر رعایت دی، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ موجودہ حکومت نے آگے، چینی، گھی اور خوردنی تیل پر سبسڈی اور رعایت دینے کو ترجیح نہیں بنایا بلکہ حکومت کی توجہ یہ تھی کہ امپورٹڈ گاڑیاں سستی ہو جائیں، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت اور افسوس ناک ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ہونے والی ہوئی مہنگائی غریب کیلئے قیامت صغری سے کم نہیں، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں جون 2021ءمیں 15.37 فیصد کا اضافہ ہوا، یہ مہنگائی موجودہ حکومت کی بد انتظامی اور بے حسی کے خلاف فرد جرم ہے، 20 فیصد غریب ترین پاکستانیوں کیلئے مہنگائی 17.58 فیصد بڑھی۔ 
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکومت پراپرٹی اور سٹاک مارکیٹ کے طاقت ور طبقات کیلئے ٹیکس ایمنسٹی سکیم لاتی ہے لیکن معاشرے کے غریب ترین طبقات پر مہنگائی کے ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے، اشیائے ضروریہ عوام کی پہنچ سے باہر ہیں، کسی حکومت کی اس سے بڑی معاشی ناکامی اور کیا ہو سکتی ہے کہ وہ مہنگائی کو قابو میں نہ کر سکے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ مہنگائی اور افراط زر میں اضافے کے ساتھ بیروزگاری کا سمندر ہے، آمدن اور روزگار میں کمی ہو چکی ہے مگر حکومت نے ان سنگین مسائل کو حل کرنے کے بجائے ان پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔