عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر مودی سرکار کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی: وزیراعلیٰ پنجاب

عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر مودی سرکار کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی: وزیراعلیٰ پنجاب
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیر کے حقیقی وکیل ہیں جنہوں نے مسئلہ کشمیر پر جرات مندانہ موقف اپنایا اور پوری دنیا میں اس مسئلے کو اجاگر کیا۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے مودی سرکار کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کشمیر کی بات کی، قوم جانتی ہے کہ سابق حکمرانوں نے کشمیر کا سودا کرنے کی مذموم کوشش کی اور کشمیری عوام کے مفادات پر تجارت کو ترجیح دی۔
عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جعل ساز الیکشن میں کشمیر کے جعلی وکیل بن کر عوام کو دھوکا نہیں دے سکتے، عمران خان نے مسئلہ کشمیر ہر بین الاقوامی فورم پر بھرپور طریقے سے اٹھایا، مسئلہ کشمیر پر پوائنٹ سکورنگ اپوزیشن کو زیب دیتا ہے، نہ یہ قومی مفاد میں ہے، حکومت اور پاکستانی قوم پوری قوت کے ساتھ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔