کابل ایئر پورٹ کو محفوظ بنانے کے 'دائرہ کار' پر ترکی اور امریکا متفق

کابل ایئر پورٹ کو محفوظ بنانے کے 'دائرہ کار' پر ترکی اور امریکا متفق
کیپشن: کابل ایئر پورٹ کو محفوظ بنانے کے 'دائرہ کار' پر ترکی اور امریکا متفق
سورس: فائل فوٹو

انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ واشنگٹن کے افغانستان سے انخلا کے بعد ترک فوج کے کنٹرول کے تحت ترکی اور امریکا نے کابل ایئرپورٹ کو محفوظ بنانے کے 'دائرہ کار' پر اتفاق کرلیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئندہ ماہ جب فوجی نکل جائیں گے تو ترکی نے ایئرپورٹ کے لیے سیکیورٹی فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے جسے انقرہ اور واشنگٹن کے بہتر تعلقات کی مثال کے طور پر سراہا گیا۔ ترک صدر نے کہا کہ اس معاملے پر ترکش اور امریکی دفاعی وزرا نے تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ'امریکا اور نیٹو سے بات چیت کے دوران ہم نے مشن کے دائرہ کار کا فیصلہ کیا کہ ہم کیا چیز قبول اور کیا قبول نہیں کریں گے

خیال رہے کہ ترکی کے اس اقدام سے قبل امریکی صدر جو بائیڈن نے جون میں برسلز میں ہونے والے نیٹو اجلاس کے موقع پر رجب طیب اردوان سے بات چیت کی تھی۔ واشنگٹن نے رہنماؤں کی بات چیت کے بعد حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی حفاظت میں نمایاں کردار ادا کرنے کے ترکی کے عزم کو سراہا تھا۔

بعدازاں گزشتہ ماہ ایک امریکی وفد کے دورہ ترکی کے ساتھ دونوں نیٹو اتحادیوں کے درمیان ترکی کے مستقبل کے مشن کی تفصیلات طے کرنے کے حوالے سے بات چیت جاری رہی جبکہ ترک وزیر دفاع اور پینٹاگون کے سربراہ کے مابین بھی متعدد فون کالز پر بات چیت ہوئی۔