دوسرا ون ڈے، انگلینڈ کا پاکستان کو جیت کیلیے 248 رنز کا ہدف

دوسرا ون ڈے، انگلینڈ کا پاکستان کو جیت کیلیے 248 رنز کا ہدف
سورس: فائل فوٹو

لندن: پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 248 رنز کا ہدف دیا ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور حریف ٹیم کے کپتان بین سٹوکس کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ یہ میچ فی اننگز 47 اوورز پر مشتمل ہے۔

انگلینڈ کی طرف سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ مالان اور فل سالٹ نے کیا، تاہم مالان پہلے میچ کی طرح بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، حسن علی نے انہیں صفر پر پویلین بھیج دیا۔ میزبان ٹیم کو دوسرا نقصان پانچویں اوور میں اٹھانا پڑا جب زاک کرالے صفر پر شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بن گئے۔  17 ویں اوورز میں اپنا دوسرا میچ کھیلنے والے سعود شکیل نے فل سالٹ کو بولڈ کر دیا۔ بیٹسمین نے 60 رنز کی باری کھیلی، 134 پر شاداب خان نے شاندار باؤلنگ کر کے جیمزوینس کی وکٹیں اُڑائیں۔

اس کے بعد فاسٹ باؤلر حسن علی قہر بن کر میزبان ٹیم پر ٹوٹ پڑے، انہوں نے 25 ویں، 27 ویں اوورز میں بین سٹوکس، سمپسن اور اورٹن کو پویلین بھیج دیا، بیٹسمین بالترتیب 22، 17 اور صفر پر آؤٹ ہوئے۔

حارث رؤف نے گریگورے اور کارس کی پارٹنر شپ کا خاتمہ کیا، فاسٹ باؤلر نے آل راؤنڈر گریگورے کو 229 کے مجموعی سکور پر آؤٹ کیا، انہوں نے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔ کارس 31 رنز کی اننگز کھیل کر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ ثاقب محمود کی وکٹ بھی حسن علی نے کی۔

انگلینڈ کی ٹیم نے 247 رنز بنائے۔ حسن علی نے 5 شکار کیے، حارث رؤف نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور سعود شکیل کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

انگلینڈ: بین سٹوکس(کپتان)، ڈیوڈ مالان، فل سالٹ، زیک کرالے، جیمز وینس، جان سمپسن، لوئس گریگوری، کریگ اورٹن، کارس، ثاقب محمود اور میٹ پارکنسن۔

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، صہیب مقصود، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف۔ ٹاس جیتنے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی، میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔

انگلش ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیتے تو پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کرتے لیکن اچھا ٹارگٹ دینے کی کوشش کریں گے۔