ملک میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے

ملک میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے

لاہور: ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں کی مساجد اور عید گاہوں میں نمازِ عید کے بہترین انتظامات کیے گئے ۔ نماز کے بعد علماء کرام نے ملک کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کیں ۔

اس پُرمسرت موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تمام مسلمانوں کو عیدالضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی قوم ایثار اور قربانی کے جذبے کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی ۔

اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ قربانی اور ایثار کا جذبہ عالمگیر اور آفاقی تاثیر کا حامل ہے ۔ قربانی کا اصل مقصد اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے خواہشات کی قربانی ہے ۔ اللہ تعالیٰ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات ، حج اور قربانیاں قبول فرمائے ۔

وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے جاتی امرا لاہور میں عید قرباں کی نماز ادا کی ، عید کے موقع پر وزیر اعظم نے امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا ۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یتیموں ، بیواؤں اور ناداروں کی مدد کرکے ہم اس عظیم دن کا حق ادا کر سکتے ہیں ۔ نوجوان نسل عید قربان کے اصل مفہوم سے بہت کچھ سیکھ سکتی ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نیک نیتی سے اپنے کام کرتے جائیں گے ، صلہ اللہ تعالیٰ دے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام مشکلات کے باوجود عوام کی خدمت کے لیے اقدامات کیے ، گزشتہ حکومت نے پٹرول کی قیمت میں کمی کر کے قوم سے دھوکہ کیا ، پٹرول کی قیمتوں سے متعلق عوام کو جلدی خوشخبری دیں گے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چالیس لاکھ سے نوے لاکھ خاندانوں کو 100 یونٹ کی مفت بجلی ملے گی ، 17جولائی کا الیکشن پاکستان کی بقا کا الیکشن ہے ، ضمنی انتخابات میں کامیابی کے بعد ترقی کا سفر جاری رکھیں گے ۔

مصنف کے بارے میں