دنیا کی کوئی قوم ایثار اور قربانی کے جذبے کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی: صدر مملکت

دنیا کی کوئی قوم ایثار اور قربانی کے جذبے کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی: صدر مملکت

لاہور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تمام مسلمانوں کو عیدالضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی قوم ایثار اور قربانی کے جذبے کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی ۔

عید کے اس پُرمسرت موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ قربانی اور ایثار کا جذبہ عالمگیر اور آفاقی تاثیر کا حامل ہے ۔ قربانی کا اصل مقصد اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے خواہشات کی قربانی ہے ۔ اللہ تعالیٰ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات ، حج اور قربانیاں قبول فرمائے ۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ‏دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر عید مبارک پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید سعید ہمیں عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے ۔ عید کی خوشیاں منائیں لیکن ساتھ میں اللہ تعالیٰ کے احسانات پر کلمات شکر بھی ادا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ خوشی کے اس موقع پر جبر اور ظالمانہ تسلط کے شکار اپنے پیاروں سے محروم اہل کشمیر اور فلسطین کو بھی یاد رکھیں اور اپنے ان بھائیوں کیلئے دست دعا دراز کیجئے ۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے ۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں کی مساجد اور عید گاہوں میں نمازِ عید کے بہترین انتظامات کیے گئے ۔ نماز کے بعد علماء کرام نے ملک کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کیں ۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب اور تمام خلیجی ممالک میں عید الاضحیٰ منائی گئی ، عید کی نماز کا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام و مسجد نبوی میں ہوا ۔

مصنف کے بارے میں