پاکستان کو کسی صورت سری لنکا نہیں بننے دیں گے: حمزہ شہباز

پاکستان کو کسی صورت سری لنکا نہیں بننے دیں گے: حمزہ شہباز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو کسی صورت سری لنکا نہیں بننے دیں گے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے نام پر بنا ہے اور یہ قائم و دائم رہے گا ۔ پاکستان بہت جلد معاشی طور پر ترقی وخوشحالی کے راستے پر گامزن ہوگا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت نے وہ فیصلے کئے جس کی سیاسی قیمت چکانا پڑی ۔ سابق حکومت نے اپنی ناقص پالیسیوں سے عوام کو کنگال کردیا ۔ ملک بچانے کیلئے مسلم لیگ (ن) نے سخت فیصلے کئے ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج سیاسی بات نہیں کرنا چاہتا ، سیاست سے زیادہ قوم ، ریاست اور معیشت کو سنبھالا دینے کی ضرورت ہے ۔ اگر ملک کی معیشت ٹھیک ہو جاتی ہے تو مسائل حل ہو جائیں گے ۔ جس وقت ملک ٹھیک ہو جائے گا تو سیاست بھی ہو جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار کا رونا نہیں روئیں گے بلکہ عوام کو حقائق سے آگاہ کریں گے ۔ آج لوڈشیڈنگ عروج پر ہے ، مہنگائی بھی ریکارڈ سطح پر ہے ۔ گزشتہ حکومت نے عوام کے ساتھ جتنے وعدے کئے وہ جھوٹے تھے ۔ گزشتہ 3 ماہ میں پنجاب کو جس آئینی بحران کا سامنا کرنا پڑا وہ پہلے کبھی نہیں ہوا ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ کمزور معاہدے کئے ، گزشتہ 4 سال میں عوام کو ہسپتالوں میں ادویات مفت نہیں ملتی تھیں ۔ ن لیگ کی حکومت نے پنجاب کے عوام کو سستا آٹا فراہم کیا ، 10 کلو آٹا 400 میں دیا جا رہا ہے ۔ 36 اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں ۔ عوام دیکھ رہی ہے مفت بجلی دینے والے اور مفت بجلی کا حق چھیننے والے کون ہیں ؟

حمزہ شہباز نے کہا کہ عید اس دن ہوگی جب امیر اور غریب سب اس خوشی میں شامل ہوں گے ۔ ہم سب کو مل کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے معیشت کو سنبھالنا ہوگا ۔ مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت 5.8فیصد کی گروتھ چھوڑ کر گئی تھی ۔ عمران خان کے پاس جھوٹ بولنے اور یوٹرن لینے کا جو فن ہے کسی اور کے پاس نہیں ۔

مصنف کے بارے میں