پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کیلئے نماز عید اور بہترین ناشتے کا انتظام

پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کیلئے نماز عید اور بہترین ناشتے کا انتظام

لاہور: پنجاب بھر کی جیلوں میں نماز عیدالاضحیٰ ادا کی گئی ، آئی جی جیل پنجاب مرزا شاہد بیگ نے ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں قیدیوں کے ساتھ نماز عید ادا کی ۔

ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں اسیران کے لیے نماز عید کی ادائیگی کا اہتمام کیا گیا ۔ آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ نے اسیران کے ہمراہ نماز عید ادا کی ۔ اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ نے جیل ملازمین اور قیدیوں کو عید کی مبارکباد دی اور قیدیوں کے ساتھ حلوہ پوری کا ناشتہ بھی کیا ۔

پنجاب بھر کی جیلوں میں عید کے پروقار موقع پر ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے اور اندرون اور بیرون جیل سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا تاکہ کسی بھی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو سکے ۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے ۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں کی مساجد اور عید گاہوں میں نمازِ عید کے بہترین انتظامات کیے گئے ۔ نماز کے بعد علماء کرام نے ملک کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کیں ۔

مصنف کے بارے میں