یورپی یونین بریگزٹ مذاکرات کیلئے تیار ہے: جرمن چانسلر

یورپی یونین بریگزٹ مذاکرات کیلئے تیار ہے: جرمن چانسلر

میکسکو سٹی: جرمن چانسلر اینگلا میرکل کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے سلسلے میں مذاکرات کے آغاز میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ برطانوی انتخابات میں وزیراعظم تھریسامے کی جماعت پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی تھیں۔ جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ برطانیہ مجوزہ ٹائم ٹیبل کا احترام کرے گا اور یورپی یونین مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

جرمن چانسلر نے یہ بیان اس وقت دیا جب وہ تجارتی امور کے حوالے سے میکسکو کے صدر سے میکسکو سٹی میں جمعے کے روز ملاقات کر رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مذاکرات جلد کرنا چاہتے ہیں اور اس وقت تک کوئی ایسے اشارے نہیں ہیں کہ مذاکرات وقت پر شروع نہیں ہو سکتے۔

ہمیں امید ہے کہ برطانیہ مذاکرات شروع ہونے کے بعد بھی ایک اچھا ساتھی رہے گا اور برطانیہ چاہے یورپی یونین کا حصہ نہ ہو وہ یورپ کا تو حصہ رہے گا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین ان 27 ممالک کے مفادات سامنے لائے گا جو کہ مستقبل میں یورپی یونین کا حصہ ہوں گے۔

گزشتہ دن برطانوی انتخابات میں تھریسامے کی جماعت نے 13 سیٹیں کھو دی ہیں جس کے بعد پارلیمنٹ میں ان کی اکثریت ختم ہوگئی اور مذاکرات کے حوالے سے بے یقینی پیدا ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ بریگزٹ کے سلسلے میں مذاکرات 19 جون کو شروع ہونا ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں