قطر کے خلاف خلیجی ریاستوں اور ٹرمپ کا موقف ایک ہے: یو اے ای

قطر کے خلاف خلیجی ریاستوں اور ٹرمپ کا موقف ایک ہے: یو اے ای

نیو یارک: متحدہ عرب امارات کے امریکہ میں متعین سفیر نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے قطر کی دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کے بارے میں موقف کو قابل تحسین قرار دیا ہے۔

اماراتی سفیر یوسف العتیبہ نے پریس کانفرنس میں کہا  کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا قطر کے بارے میں موقف دوسرے خلیجی ملکوں کے موقف سے ہم آہنگ ہے۔

اماراتی سفیرنے کہا کہ قطر کو دوسرے ملکوں کے لیے تشویش کا باعث بننے والے اقدامات کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی علاقائی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی تب ہی قطر کے ساتھ بامقصد بات چیت کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

اس سے قبلوائٹ ہاﺅس میں پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ٹرمپ نے قطر کو دہشت گردوں کا پرانا سہولت کار قرار دیتے ہوئے قطر اور اس کے ہمسایہ ملک پر زور دیا کہ وہ دہشتگردی کے خلاف مزید اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ قطر کو دہشت گردوں کی مالی معاونت ختم کرنا ہو گی۔

وائٹ ہاﺅس کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے حال ہی میں ریاض میں ہونے والی کانفرنس میں دہشتگردی کے خلاف جنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت ختم کرنے کے معاہدے پر عمل درآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے بھی سعودی عرب اور اس کے عرب اتحادی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ قطر کی ناکہ بندی میں نرمی کریں کیونکہ اس کے نتیجے میں نہ صرف ملک میں خوراک کی کمی اور انسانی بحران پیدا ہو رہا ہے بلکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

مصنف کے بارے میں