رمضان میں روغنی کھانوں سے پرہیز کرنے سے متعلق انتباہ

رمضان میں روغنی کھانوں سے پرہیز کرنے سے متعلق انتباہ

برلن:  جرمن غذائی ماہرین نے رمضان میں روغنی کھانوں سے پرہیز کرنے کی تنبیہ کر دی۔

برلن یونیورسٹی کے غذائی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ چکنائیوں بھرے مرغن کھانے جگر میں چربی جمع کرکے جگر کے امراض سمیت مختلف بیماریوں کا سبب بنتے ہیں یہی وجہ ہے کہ روزوں کے دوران ایسے کھانوں سے پرہیز کرنا چاہیئے، روزوں میں معدہ خالی ہوتا ہے، اسی وجہ سے روزوں کے دوران ایسے کھانوں کا اثر جلد ہوتا ہے، جو صحت کیلئے مضر ہے۔

ماہرین کے مطابق چکنائیوں سے بھرا صرف ایک کھانا بھی جگر پر اثرانداز ہوکر اس میں انسولین کی حساسیت اور میٹابولزم کو تبدیل کردیتا ہے۔ماہرین نے اس حوالے سے سروے میں 14 افراد کو شامل کیا جن میں دبلے پتلے اور صحت مند افراد شامل تھے۔

ماہرین نے شرکا کو اتنا پام آئل دیا جو ایک چکنائی والے کھانے کے برابر تھا، ہر کھانے کے بعد ان کے جگر کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ صرف ایک مرتبہ چکنائیوں سے بھرپور کھانا کھانے سے انسولین کی حساسیت، ٹرائی گلیسرائیڈز اور دیگر اجزا بڑھ جاتے ہیں اور ان میں سے بعض خون میں بھی نوٹ کیے گئے۔

اس تحقیق پر سائنسدان حیران ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ چکنائیوں کی ایک خوراک بھی  جگر  کو وقتی طور پر تبدیل کردیتی ہے۔ 

مصنف کے بارے میں