کرپشن ملک کے مسائل کی جڑ ہے , لیاقت بلوچ

کرپشن ملک کے مسائل کی جڑ ہے , لیاقت بلوچ

لاہور : جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کلفٹن کالونی میں دعوت افطار اور وحدت روڈ تاجروں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ کرپشن ملک کے مسائل کی جڑ ہے ۔ کرپشن اور کرپٹ اسلوب حکومت کی وجہ سے تجارت ، صنعت ، زراعت اور قومی معیشت کے ہر عنوان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ گیاہے ۔ پاکستان ایٹمی صلاحیت ، سی پیک کے اہم منصوبے اور اب شنگھائی تعاون تنظیم کا رکن بننے کی وجہ سے اہمیت والا ملک ہے لیکن بری حکمرانی ، مفاد پرستی اور کرپشن کی وجہ سے پاکستان کے تمام مثبت پہلو منفی بنادیے گئے ہیں ۔


لیاقت بلوچ نے کہاکہ کرپٹ مافیا احتساب سے فرار کے لیے شور شرابا ، اداروں کو متنازعہ بنانے اور شخصیات کا ٹکرائو پیدا کر کے احتساب کا عمل ٹھپ کرا دیناچاہتا ہے۔جماعت اسلامی عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے کرپشن کے خاتمہ کی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ عوام کے خون پسینے کی کمائی لوٹ لی گئی ہے ،اس دولت کو واپس لا کر غریبوں کو تعلیم ، صحت اور باعزت چھت فراہم کریں گے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پوری دنیا کے مسلمان خلیجی ممالک میں سفارتی محاذ آرائی پر پریشان ہیں ۔ خلیجی ممالک میں امن اور استحکام ناگزیر ہے۔ مسلم ممالک میں تعلقات کی بہتری صرف عرب ممالک نہیں پور ی دنیا کے مسلمانوں کی سب سے بڑی آرزوہے ۔ فلسطین اور کشمیر کے عوام اتحا امت کی پکار دے رہے ہیں ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ رمضان قرآن ،راتوں کی عبادت، اہل ایمان میں مکمل تبدیلی لانے کے لیے ہے ۔ قرآن و سنت کے احکامات ریاست کے تمام امور پر بالادست ہوں گے تو اللہ کی رحمتیں اور انسان کے درمیان اتفاق و محبت کی برکتیں بحرانوں اور مسائل کے حل میں مدد گار ثابت ہوں گی ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں