فرنچ اوپن: سمونا ہیلپ نے اپنا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت لیا

فرنچ اوپن: سمونا ہیلپ نے اپنا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت لیا
کیپشن: image by facebook

پیرس: رومانیہ کی عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار سمونا ہیلپ نے فرنچ اوپن کے فائنل میں سلون اسٹیفنز کو شکست دے کر طویل انتظار کے بعد بالآخر اپنا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت لیا۔

رولینڈ گیرس کے نام سے مشہور پیرس میں کھیلے جا رہے سال کے دوسرے گرینڈ سلیم فرنچ اوپن کے ویمنز سنگلز کے فائنل میں عالمی نمبر ایک سمونا ہیلپ نے امریکی حریف کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

سنسنی خیز مقابلے کے پہلے سیٹ میں امریکا کی اسٹیفنز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 6-3 سے کامیابی سمیٹ کر برتری حاصل کی جس کے بعد ایک مرتبہ پھر یہ خدشہ ہو گیا کہ شاید ہیلپ ایک مرتبہ پھر گرینڈ سلیم فائنل میں شکست سے دوچار ہو جائیں گی۔

عالمی نمبر ایک سپر اسٹار نے متعدد مواقعوں پر گرینڈ سلیم میں شاندار کھیل پیش کیا لیکن سیمی فائنل اور فائنل مقابلوں میں شکست کے سبب وہ اب تک گرینڈ سلیم نہیں جیت سکی تھیں۔

فرنچ اوپن کے دو فائنلز سمیت 3 گرینڈ سلیم فائنلز میں شکست سے دوچار ہونے والی ہیلپ نے اگلے سیٹ میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے میچ میں واپسی کی اور 6-4 سے سیٹ جیت کر مقابلہ 1-1 سیٹ سے برابر کردیا۔

تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں ہیلپ کے تجربے اور شاندار کھیل کا امریکی حریف کے پاس کوئی جواب نہ تھا اور رومانیہ کی اسٹار نے تیسرا سیٹ باآسانی 6-1 سے جیت کر پہلی مرتبہ گرینڈ سلیم اوپن ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا , ہیلپ کی فتح کا اسکور 3-6، 6-4 اور 6-1 رہا۔

وہ 40سال بعد رومانیہ کے لیے گرینڈ سلیم اوپن جیتنے والی پہلی خاتون ہیں جہاں ان سے قبل 1978 میں ورجینیا روزیسی نے فرنچ اوپن جیتا تھا اور وہ اس وقت ہیلپ کے ایجنٹ کے طور پر کام کر رہی ہیں۔