چودھری نثار نے 3 نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے

 چودھری نثار نے 3 نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے
کیپشن: چودھری نثار کو پی پی 10 کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے 13 جون کو طلب کر لیا گیا۔۔۔فائل فوٹو

 راولپنڈی: سابق وزیرِ داخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری نثار نے قومی اسمبلی کی ایک اورصوبائی اسمبلی کی 2 نشستوں کے لیے کاغذات جمع کرادیئے ہیں۔ عام انتخابات 2018 میں حصہ لینے کے لئے سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار نے 3 نشستوں پر کاغذاتِ نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔

چوہدری نثار نے قومی اسمبلی کے حلقہ 59 راولپنڈی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی پی 10 اور 12 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ چوہدری نثار کے کاغذات نامزدگی شیخ اسلم اورشیخ ساجد نے جمع کرائے اور انہیں پی پی 10 کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے 13 جون کو طلب کر لیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف 4 حلقوں سے انتخاب لڑیں گے

این اے 59 سے (ن) لیگ کے انجینئر قمرالاسلام نے بھی چوہدری نثار کے خلاف کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ این اے 59 سے تحریک انصاف کے غلام سرور خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری کامران اسلم بھی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

گزشتہ روز چوہدری نثار کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر نوازشریف اور شہباز شریف میں اختلافات کی خبر بھی سامنے آئی تھیں۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف چوہدری نثار کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر نرم رویہ رکھتے ہیں لیکن نوازشریف نے ٹکٹ جاری کرنے کے لیے شرط رکھی ہے کہ وہ پہلے درخواست دیں اس کے بعد ہی ٹکٹ جاری کیا جائے گا تاہم چوہدری نثار ٹکٹ کے لیے درخواست دینے سے انکار کر چکے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں