ایران نے مقامی طور پر تیار کردہ دفاعی نظام فوج کے سپرد کردیا

ایران نے مقامی طور پر تیار کردہ دفاعی نظام فوج کے سپرد کردیا
کیپشن: Image by Iran Front Page

تہران: پاکستان کے ہمسایہ ملک ایران نے مقامی طور پر تیار کردہ فضائی دفاعی نظام فوج کے سپرد کردیا ہے۔

ایرانی حکام کے دعویٰ کے مطابق مقامی طور پر تیار کردہ فضائی دفاعی نظام بیک وقت چھ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عامر حاتمی نے اس ضمن میں دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فوج کے حوالے کیا جانے والا دفاعی نظام ’15 خرداد‘ دشمن کے جنگی طیاروں اور ڈرونز کو 120 کلومیٹر کے فاصلے تک نشانہ بناسکتا ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایران میں مقامی طور پر تیار کردہ فضائی دفاعی نظام 45 کلومیٹر کے علاقے میں اسٹیلتھ ٹیکنالوجی کے حامل اہداف کا بھی پتا چلا نے کی صلاحیت کا حامل ہے۔

ایران نے فضائی دفاعی نظام ایک ایسے وقت میں اپنی افواج کے حوالے کیا ہے جب اس پراعلان کردہ امریکی پابندیاں سخت ہوتی دکھائی دے رہی ہیں اورخطے میں امریکی بحری بیڑوں کی ’پیٹریاٹ‘ کے ہمراہ موجودگی سے صورتحال میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔امریکہ کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کے سبب ایران سے تعلقات رکھنے والے مغربی ممالک بھی فی الوقت مشکلات کا شکار ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اسی ضمن میں گزشتہ روز مغربی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ امریکہ کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کے باوجود اس کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کریں وگرنہ نتائج کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوجائیں۔