'برطانیہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا'

'برطانیہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا'
کیپشن: پاکستان کو ٹڈی دل کے لیے مائیکرون سپرئیرز کی ترسیل جلد کر دی جائے گی، کرسٹن ٹرنر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت پاکستان کو مشکل کی اس گھڑی میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے چیئر مین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے ملاقات کی ہے۔ کرسٹن ٹرنر نے چیئرمین این ڈی ایم اے سے پاکستان میں کورونا اور ٹڈی دل سے پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے ٹڈی دل، کورونا وائرس سے متعلق کئے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظرآئسولیشن بیڈزاور وینٹی لیٹرز کی طلب بڑھ گئی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ برطانیہ کورونا مریضوں کیلئے بیڈز اور بائی پیپ ونٹیلیٹرز میں معاونت فراہم کر سکتا ہے۔ برطانیہ ٹڈی دل سپرے کے لئے مائیکرون سپرئیرز کی جلد ترسیل کو ممکن بنا سکتا ہے۔

ملاقات کے دوران برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے کورونا وباء کے تناظر میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے کردار کی تعریف کی۔

برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت پاکستان کو مشکل کی اس گھڑی میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، پاکستان کو ٹڈی دل کے لیے مائیکرون سپرئیرز کی ترسیل جلد کر دی جائے گی۔ دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی معاونت اور معلومات کا تبادلہ انتہائی اہم ہے۔