کل سے گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی

کل سے گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی
سورس: file

لاہور:گرمی کے ستائے شہریوں کے لیے خوشخبری ہے۔  کل سے مرطوب ہوائیں بحیرہ عرب سے ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہونگی جس کے باعث مشرقی اور وسطی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ سے پیر کے دوران کشمیر،گلگت بلتستان (استور، کرمنگ ، گھانچی اور شگر)، اسلام آباد، راولپنڈی،مری ، اٹک ،چکوال، جہلم ،گوجرانوالہ، گجرات ، حافظ آباد اور منڈی بہاء الدین میں بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق نارووال ، سیالکوٹ،لاہور، قصور، مانسہرہ ، ایبٹ آباد ، ہری پور ، نوشہرہ، پشاور،کوہاٹ،بنوں ، ڈیرہ اسماعیل خان،مردان، بونیر، دیر، شانگلہ اور کوہستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ہفتہ سے اتوار کے دوران سرگودھا، بھکر ، لیہ، خوشاب ، میانوالی، فیصل آباد ،جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، ملتان، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، بارکھان، موسی خیل اور ژوب میں بھی ا ٓندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ صوبہ پنجاب سمیت ملک کے بیشتر حصے ان دنوں سخت گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ پشاور میں پارہ 48 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سندھ کے کئی اضلاع میں بھی گرمی کی شدت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کی گئی ہے۔ لاہور، فیصل آباد سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بھی سورج آنکھیں دکھاتا رہا، 46 ڈگری کی گرمی سے شہری نڈھال ہیں۔