بجٹ کے بعد بجلی ،گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے جا رہا ہے :اسد عمر

بجٹ کے بعد بجلی ،گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے جا رہا ہے :اسد عمر

اسلام آباد:سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عوام کیساتھ نمبر ز گیم کھیلے ہیں ،ان فگرز میں کوئی حقیقت نہیں ، کرپٹ حکمرانوں کے پاس عوام کو ریلیف دینے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے، مفتاح اسماعیل نے چند ماہ پہلے قوم کو کہا تھا کہ پٹرول کی قیمت 137 روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے اور اب 210 روپے پر لے گئے ہیں۔

تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مہنگائی کم کرنے سے متعلق متعدد جھوٹ بولے ہیں اور امپورٹڈ حکومت کی جانب سے بجٹ کی شکل میں عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال دیا گیا، اسی طرح مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا تھا کہ 12 روپے یونٹ سے زیادہ بجلی نہیں ہونی چاہیے اور اب اس میں بھی 7 سے 8 روپے اضافہ کر دیا ہے، بجٹ پڑھنے سے قبل حکومتی اعداد و شمار کے مطابق پچھلے ایک سال کی نسبت بنیادی اشیا پر مہنگائی میں 24 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ بجلی گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے جا رہا ہے، ایک طرف تو مہنگائی کا طوفان ہے اور دوسری طرف معیشت تیزی سے تباہ ہورہی ہے، سیمنٹ کی سیل میں 16 فیصد کمی آ چکی ہے سیمنٹ کی سیل متاثر ہونے سے تعمیرات رک جائیں گی اور اس سے منسلک افراد بے روزگار ہو جائیں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ ڈالر کی نسبت روپے کی قدر میں 24 روپے کمی واقع ہوئی ہے، اس وقت ملک میں معیشت کے حوالے سے صورت حال انتہائی تشویش ناک ہے خدانخواستہ سری لنکا جیسے حالات پیدا ہو سکتے ہیں، قوم کواس امپورٹ حکومت سے نجات دلانے کا وقت آن پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سازش اور حرام کے پیسے کے ذریعے لائی گئی حکومت جب تک ختم نہیں ہوتی اور عوامی مینڈیٹ کے ذریعے نمائندے نہیں آتے ملک کے حالات تبدیل نہیں ہو سکتے۔