پی ایس ایل فائنل ہو چکا لیکن سیکیورٹی کی دھوم اب بھی باقی ہے

پی ایس ایل فائنل ہو چکا لیکن سیکیورٹی کی دھوم اب بھی باقی ہے

لاہور:پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کروانے کے حوالے سے پہلے منتظمین کافی شش و پنج کا شکار تھے لیکن پھر فیصلہ کر ہی لیا گیا کہ فائنل لاہور میں ہی ہو گا اور رپورٹس کے مطابق فائنل کی سیکیورٹی صدر مملکت کے لیول کی تھی ۔سیکیورٹی کی یہ صورتحال ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے باعث فراہم کی گئی تھی اور اب جب کہ فائنل ہو چکا ہے تو آئی سی سی فائنل کی سیکیورٹی کا جائزہ لے گا۔آئی سی سی کے ترجمان کے مطابق آئندہ ماہ اجلاس میں آئی سی سی لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل فائنل کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے گی۔


ترجمان کے مطابق آئی سی سی کے سیکیورٹی منیجر شان نورس نے لاہور میں ہونے والے فائنل مقابلے میں شرکت کی۔ آئی سی سی بورڈ کا اگلا اجلاس 23 سے 27 اپریل تک شیڈول ہے جس میں سیکیورٹی انتظامات کی تفصیلات بورڈ اراکین کو فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لائحہ عمل کیلئے تجاویز بھی پیش کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق دیگر کرکٹ بورڈز کے سیکیورٹی منیجرز بھی آئی سی سی کے اجلاس میں پی ایس ایل فائنل پر اپنی رپورٹس جمع کرائیں گے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پی ایس ایل فائنل میں انگلینڈ، سری لنکا، آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے سیکیورٹی مشیروں نے بھی شرکت کی تھی۔


انتہائی معتبر ذرائع کے مطابق پی سی بی رواں سال پاکستان میں دوطرفہ سیریز کے انعقاد کیلئے سری لنکن اور بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈز کے رابطے میں ہے اور اس سلسلے میں حتمی فیصلے کیلئے آئندہ ماہ آئی سی سی کا اجلاس انتہائی اہم ہے۔