اب کبھی کسی اور ملک کی شہریت نہیں لوں گا: چوہدری سرور

اب کبھی کسی اور ملک کی شہریت نہیں لوں گا: چوہدری سرور

لاہور: تحریک انصاف کے نو منتخب سینیٹر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ (ن) لیگ جمہوریت کی بات کرتی ہے مگر انکی اداروں پر تنقید اور حملے انکی اصل سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔

ہفتے کے روز سپریم کورٹ لاہور رجسٹری برانچ میں دوہری شہریت کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے نو منتخب سینیٹر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ 2013 میں برطانیہ کی دوہری شہرت چھوڑ چکا ہوں۔ کچھ لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ میں نے گورنر بنتے وقت برطانیہ کی چھوڑی جانیوالی شہریت دوبارہ لینے کیلئے درخواست دی ہے مگر اس کو حقیقت سے کوئی تعلق نہیں میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ میرا جینا مرنا پاکستان کیلئے اب کبھی کسی اور ملک کی شہریت نہیں لوں گا۔

ہم آئین وقانون اور جمہوریت کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں اگر تحر یک انصاف کو کسی عہدے کا لالچ ہوتا تو ہم کسی جماعت سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا عہدہ مانگ لیتے مگر ایسا نہ کیا اور نہ ہی کریں گے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کیلئے فاٹا اور بلوچستان کے امیدواروں کو سپورٹ کریں گے۔ اداروں پر حملے اور سازشیں کر نیوالے جمہوریت اور عوام دشمن ہیں قوم انکو معاف نہیں کریں گی۔