اب جھوٹے وعدوں، نعروں پر پاکستان میں حکومتیں نہیں بنتیں: مریم اورنگزیب

اب جھوٹے وعدوں، نعروں پر پاکستان میں حکومتیں نہیں بنتیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اب جھوٹے وعدوں اور جھوٹے نعروں پر پاکستان میں حکومتیں نہیں بنتیں اور نہ بنیں گی۔

مریم اورنگزیب نے ایک نجی اسکول سسٹم کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب امپائر کی انگلی اٹھانے کا دور چلاگیا، 2018ء کے انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ ملے گا۔ مسلم لیگ (ن ) کے اندر کوئی اختلاف ہے نہ کوئی دھڑے بندی ہے۔ پارٹی اپنے قائد نواز شریف کی قیادت میں ہمیشہ کی طرح متحد اور زیادہ مضبوط ہے، بہت جلد اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے امیدواروں کا اعلان کریں گے۔

وزیر مملکت اطلاعات کا کہنا تھا کہ دو سال گزر جانے کے باوجود ایک بھی پیسے کی کرپشن اس شخص پر ثابت نہیں ہوئی جو دو دفعہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان کا تین دفعہ منتخب وزیر اعظم ہے اور اس کے برعکس وہ فرم لندن میں پاکستان کے لوگوں کے ٹیکس پر ہائر کی گئی جو دیوالیہ ہے۔ وہ کمپنی جو منتخب وزیر اعظم کی تحقیقات کرتی ہے اس کا اپنا ریکارڈ برطانیہ اور لندن میں موجود نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ جو ٹوئیٹ کرتے ہیں جھوٹ بولتے ہیں آپ اس چیز سے نظر ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں جو خیبر پختونخوا میں آپ کی کارکردگی پر سوال اٹھاتی ہے۔ آپ اس چیز سے نظر ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں جو آپ کی پارٹی نے سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کی۔ آپ اس چیز سے نظر ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں کہ آپ نے سپریم کورٹ میں جعلی دستاویز جمع کروائی یہ بھی تسلیم کیا کہ یہ دستاویز جعلی ہے۔ آپ اس چیز سے نظر ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں بلوچستان میں پہلے حکومت ختم کی جاتی ہے، پھر وزیر اعلیٰ بلوچستان کے دائیں زرداری صاحب اور بائیں عمران صاحب۔

پاکستان مسلم لیگ ( ن ) اور تیسری دفعہ منتخب وزیر اعظم نے سپریم کورٹ کے ہر فیصلہ کو تسلیم کیا۔ اس فیصلہ کو پاکستان کی عوام نے نہیں مانا اور جب سپریم کورٹ آپ کے خلاف فیصلہ دیتی ہے تو آپ دھرنا دیتے ہیں۔ آپ اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کی بات کرتے ہیں اس وقت سو موٹو اور قانون کہاں جاتا ہے جب پاکستان کے دارالحکومت کو لاک ڈاؤن کرنے کی بات ہوتی ہے۔