بینکوں کی درخواست،حج قرعہ اندازی ایک دن کیلئے موخر کردی گئی

بینکوں کی درخواست،حج قرعہ اندازی ایک دن کیلئے موخر کردی گئی

اسلام آباد: حج قرعہ اندازی بینکوں کی درخواست پر ایک دن کے لیے موخر کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جانے کے دو لاکھ 16 ہزار 542 خواہش مندوں نے ہفتہ کی شام چھ بجے تک بینکوں میں اپنی درخواستیں جمع کرا دی تھیں۔ یہ درخواستیں سرکاری حج اسکیم کے تحت جمع کرائی گئی ہیں۔ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق بینکوں کی درخواست پر حج قرعہ اندازی میں ایک دن کی تاخیر کردی گئی ہے۔

سرکاری حج اسکیم کی قرعہ اندازی منگل 12 مارچ کو ہو گی۔وفاقی وزیربرائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری سرکاری حج اسکیم کی قرعہ اندازی کریں گے۔ترجمان مذہبی امور نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عازمین حج کے چیک اور ڈرافٹ پیر تک کلیئر کردیں۔

بینکوں کو آن لائن انٹری جلد مکمل کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔عوام الناس کی سہولت کے لیے درخواست گزاروں کے کوائف وزارت کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں۔قواعد و ضوابط کے تحت درخواست گزاروں کو ان کے کوائف بذریعہ ایس ایم ایس بھی بھیجے جا رہے ہیں۔

ترجمان وزارت مذہبی امور نے ہدایت کی ہے کہ درخواست گزار کسی بھی غلطی کی صورت میں متعلقہ بینک سے فوری رجوع کرکے تصحیح کرالیں۔سعودی عرب کی حکومت نے گزشتہ دنوں پاکستان کے لیے حج کوٹے میں اضافہ کرکے اسے دو لاکھ کردیا تھا۔سعودی عرب نے پاکستان کو ای ویزہ سہولت والے ممالک کی فہرست میں بھی شامل کرلیا ہے۔