جعلی الیکشن سے آنے والے قوم کی نمائندگی کا حق نہیں رکھتے ،مولانا فضل الرحمن

 جعلی الیکشن سے آنے والے قوم کی نمائندگی کا حق نہیں رکھتے ،مولانا فضل الرحمن
کیپشن: فائل فوٹو

ملتان: مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ مذہبی جماعتوں پر امریکا اور انڈیا کی ایما پر پابندیاں لگیں، جعلی الیکشن سے آنے والے قوم کی نمائندگی کا حق نہیں رکھتے۔

تفصیلات کے مطابق ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملتان میں مدرسہ قاسم العلوم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو نظریاتی طور پر تقسیم کیا جارہا ہے۔ ناموس رسالت کے حوالے سے حکومتی ایوانوں سے غلط باتیں سامنے آ رہی ہیں۔ آج ملک میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔ 

 

مولانا نے کہا  کہ اقتصادی لحاظ سے ملک دیوالیہ ہو چکا ہے جبکہ عورت کے دن کے نام پر جس تہذیب کا مظاہرہ کیا گیا اس کی مذمت کرتا ہوں، ملک میں ہندوستانی کلچر کو فروغ مل رہا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں رابطے میں ہیں اور انھیں عوام کی حمایت حاصل ہے۔

 

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حالیہ کشیدگی میں بھارت کو شکست ہوئی، مودی الیکشن جیتنے کیلئے پوائنٹ سکورننگ کر رہا ہے۔ بھارتی پائلٹ کو ضمانت لے کر رہا کرنا چاہیے تھا۔ نواز شریف یا زرداری پائلٹ کو رہا کرتے تو مودی سے یاری کے الزام لگتے۔ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، ان کو معالج تک رسائی نہ دینا حکومتی انتقام ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور طالبان کے مابین مذاکرات اچھی بات ہے۔ امریکہ نے جن لوگوں پر بمباری کی آج انہیں سے مذاکرات کر رہا ہے۔