خورشید شاہ کو نواز شریف نہیں اپنی جیل جانے کی فکر ہے, فواد چودھری

 خورشید شاہ کو نواز شریف نہیں اپنی جیل جانے کی فکر ہے, فواد چودھری
فائل فوٹو

جہلم:فواد چودھری نے کہا ہے کہاپوزیشن سے  حساب مانگنا چھوڑ دیں تو یہ عمران خان کو نوبل پرائز  دینے کی بات بھی کریں گے۔عوام نے ہمیں احتساب کیلئے ووٹ دیا، ہم کسی کو ریلیف نہیں دے سکتے،احتساب سب کا ہوگا۔


تفصیلات کے مطابق ، وفاقی وزیر فواد چودھری نے جہلم میں جلسے عام  سے خطاب میں کہا  کہ قوم نے عمران خان کو ووٹ سے عزت دی، آج پاکستانیوں کو دنیا بھر میں عمران خان کی وجہ سے عزت مل رہی ہے۔ وزیر اعظم  کی قیادت میں ترقی کا سفر شروع  ہے، پاکستان کو ترقی کی منزل تک لے کر جائیں گے۔ اس وقت حکومت اوراپوزیشن کی کوئی لڑائی نہیں، صرف ایک لڑائی عوام کے ٹیکس کے پیسوں کا حساب دو۔

فواد چودھری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس عوامی ایشوز نہیں نواز شریف کی صحت پر سیاست کر رہی ہے۔ نواز شریف سے کہہ رہے ہیں کہ وہ بیرون ملک سے اپنے ڈاکٹر بلا لیں، یہ کیسی بات ہے کہ کسی ڈاکٹر کے پاس نہیں جانا بلکہ لندن جانا ہے۔ سیاست احتساب اور صحت پر نہیں ہونی چاہیے لیکن عوام صحت کے معاملے پر سیاست کی اجازت نہیں دیں گے۔ عوام نے ہمیں احتساب کے لیے ووٹ دیا ہے، ہم ان کو ریلیف نہیں دے سکتے، احتساب ہوگا۔

انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے کبھی عوامی مسائل پر بات نہیں کی جب بھی اسمبلی اجلاس ہوتا ہے تو سارے نیب کیخلاف آ  نسو بہاتے ہیں۔ خورشید شاہ کہتے ہیں کہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو مقدمہ عمران کیخلاف درج کروائیں گے، خورشید شاہ کو نواز شریف نہیں اپنی جیل جانے کی فکر ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پوری دنیا میں عمران کے امن کے پیغام کو سراہا گیا۔ عمران کو پوری دنیا میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ پوری قوم عمران خان اور افواج کے پیچھے کھڑی ہے۔ پاکستان کی طرف کوئی بھی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔