پاکستان میں کورونا کے مزید 9 کیسز سامنے آ گئے، تعداد 16 ہو گئی

پاکستان میں کورونا کے مزید 9 کیسز سامنے آ گئے، تعداد 16 ہو گئی
کیپشن: سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے، ترجمان۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے آ گئے جس کے بعد صوبہ سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد  13 جبکہ ملک بھر میں تعداد 16 ہو گئی ہے.محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔ ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ 6 مریض شام سے براستہ دوحہ پاکستان پہنچے جبکہ 3 مریض لندن سے براستہ دبئی کراچی پہنچے۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ ایک 53 سالہ شخص کراچی کے ضلع شرقی کا رہائشی ہے۔ متاثرہ شخص شام سے دوحہ اور پھر پاکستان پہنچا ہے۔ متاثرہ شخص کے اہل خانہ کو بھی قرنطینہ میں رکھ دیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے اور یہ تمام کیسز شہر کراچی میں سامنے آئے ہیں جبکہ ان مریضوں میں سے ایک شخص یحییٰ جعفری صحتیاب ہوکر گھر منتقل ہوچکا ہے۔

خیال رہے کہ اب تک ملک میں کورونا وائرس کے 16 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے کراچی میں 13، اسلام آباد میں 2 جب کہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

ان مریضوں میں سے سب سے پہلے سامنے آنے والے کراچی کے یحییٰ جعفری نامی نوجوان کو صحت یابی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے جب کہ باقی تمام متاثرہ افراد زیر علاج ہیں۔