ایران سے پشاور آنیوالے باشندوں کو قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ، محکمہ صحت پختونخوا

ایران سے پشاور آنیوالے باشندوں کو قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ، محکمہ صحت پختونخوا
کیپشن: 34 رہائشیوں کو بلوچستان قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، محکمہ صحت خیبر پختونخوا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور میں ایران سے آنیوالے باشندوں کو قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر صحت، چیف سیکرٹری و سیکرٹری صحت نے اعلیٰ سطح اجلاس میں فیصلہ کیا۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کا کہنا ہے 34 رہائشیوں کو بلوچستان قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور 10 مارچ کو یہ افراد بلوچستان سے خیبر پختونخوا آئیں گے۔ مسافروں کا تعلق صوبے کے مختلف اضلاع سے ہے اور تمام مسافر صحت مند ہیں، وائرس کی کوئی علامات نہیں۔

خیال رہے گزشتہ روز کراچی میں کرونا وائرس سے متاثرہ مزید 9 کیسز سامنے آ گئے جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 16 ہو گئی۔ وزیر صحت سندھ کی ترجمان میرن یوسف نے بھی نئے کیسز کی تصدیق کی ہے جس کے بعد صوبہ سندھ میں کل مریضوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق 6 مریض شام سے براستہ دوحہ آنے والی پرواز کے ذریعے پاکستان پہنچے جبکہ 3 متاثرہ افراد گزشتہ ہفتے لندن سے براستہ دبئی پرواز کے ذریعے کراچی آئے تھے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق تمام نئے کیسز پہلے سے کنفرم کیس سے رابطے میں رہنے والے لوگ ہیں جبکہ مریضوں سے رابطے میں رہنے والے مزید لوگوں کو ٹریس کیا جا رہا ہے۔ ملک میں اب تک کرونا وائرس کے 16 کیسز سامنے آ چکے ہیں، جن میں سے کراچی میں 13، اسلام آباد میں 2 جبکہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔