نااہلی کی درخواست، واوڈا کے وکیل کو مکمل جواب جمع کرانے کی ہدایت

نااہلی کی درخواست، واوڈا کے وکیل کو مکمل جواب جمع کرانے کی ہدایت
کیپشن: فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے ن لیگ، پیپلز پارٹی اور امن ترقی پارٹی نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کی نااہلی کی درخواست پر وفاقی وزیر کے وکیل کو آئندہ سماعت پر مکمل جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔الیکشن کمیشن میں ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔

فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے ن لیگ، پیپلز پارٹی اور امن ترقی پارٹی نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر کی نااہلی کے لیے ن لیگ اور پی پی کی الگ، الگ سماعت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔

ممبر الیکشن کمیشن پنجاب الطاف ابراہیم نے کہا کہ ایک کیس پر الگ سماعتیں کیسے کر سکتے ہیں؟ نااہلی سے متعلق تمام درخواستوں کو یکجا کر کے سنیں گے۔

دورانِ سماعت الطاف ابراہیم نے فیصل واوڈا کے وکیل کو ہدایت کی کہ اپنے مؤکل کی جانب سے جواب جمع کرائیں، آپ نے پہلے بھی وقت مانگا تھا،اس پر فیصل واوڈا کے وکیل نے کہا کہ درخواستوں کی مکمل دستاویزات فراہم نہیں گئیں۔

الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کے وکیل کو آئندہ سماعت پر مکمل جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 24 مارچ تک ملتوی کر دی۔