بالآخر لاہور قلندرز کے ‏بین ڈنک نے ببل گم کھانے کا راز بتا دیا

بالآخر لاہور قلندرز کے ‏بین ڈنک نے ببل گم کھانے کا راز بتا دیا

لاہور :‏پی ایس ایل فائیو میں لاہور قلندرز کے بین ڈنک کا ڈنکا خوب بج رہا ہے، وہ ڈنکے کی چوٹ پر ایسے چھکے مار رہے ہیں کہ ہر کوئی ان کا فین ہو گیا ہے۔اس وقت پی ایس ایل فائیو کے سب سے مقبول کرکٹر یہی ببل بوائے بین ڈنک ہیں، ان کے فلک شگاف چھکوں کا تو کوئی جوڑ نہیں ہے۔

بین ڈنک نے ایک ہی اننگز میں زیادہ سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ قائم کرنے کی عادت سی بنا لی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے خلاف پہلے میچ میں انہوں نے 8 چھکوں کا ریکارڈ توڑا اور 10 چھکوں کے ساتھ نیا ریکارڈ قائم کیا اور اب کراچی کنگز کے خلاف اپنے ہی ریکارڈ کو 12 چھکوں کے ساتھ بہتر کیا لیکن چھکوں سے بڑھ کر اب بین ڈنک کے ببل گم کے چرچے ہیں۔

بین ڈنک نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ببل مشہور ہو گئے ہیں لیکن اس میں کچھ خاص نہیں ہے، میں بس گراؤنڈ کے اندر پر سکون رہنے کی کوشش کرتا ہوں، اسے شاید ویڈیوز میں زیادہ دکھایا جا رہا ہے۔ جارح مزاج بلے باز نے کہا کہ ببل گم شاید بری عادت ہے، مجھے اسے روکنا چاہیے لیکن میں صرف پُرسکون رہنے کے لیے ایسا کرتا ہوں تاکہ جو ٹارگٹ ہے اس پر فوکس کر سکوں۔

بین ڈنک نے 247.50کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ صرف 40 گیندوں پر 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، 12 چھکے اور تین چوکے مارے۔وہ کہتے ہیں کہ گزشتہ تین ماہ میں ایسا دوسری مرتبہ ہوا ہے کہ سنچری مکمل نہیں کر سکا لیکن اس سے فرق نہیں پڑتا، اس بات کا اطمینان ہے کہ ان کی اننگز سے ٹیم کو فائدہ ہوا اور اسے جیت ملی اور اس جیت سے اعتماد ملا ہے اور اسی مومنٹم کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔